منگلورو 4؍مارچ (ایس او نیوز) کنکن ناڈی علاقے میں ایک زیر تعمیر کثیر منزلہ عمارت کی چھٹویں منزل پر دو سڑی گلی لاشیں دستیاب ہوئی ہیں جن میں سے ایک کی شناخت ہوگئی ہے اور دوسرے کے بارے میں ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ہے۔
پولیس کے بیان کے مطابق کنکن ناڈی پمپ ویل علاقے کے لوگوں نے وہاں پر ایک زیر تعمیر کثیر منزلہ عمارت سے ناقابل برداشت بدبو نکلنے کی خبر پولیس کو دی۔ کدری پولیس کے دستے نے مقامی لوگوں کے ساتھ اس عمارت کا معائنہ کیا تو وہاں پر چھٹی منزل پر دو لوگوں کی انتہائی سڑی گلی لاشیں پڑی ہوئی تھیں۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ان دونوں کو کسی نے قتل کردیا ہوگا۔
ان میں سے ایک کی شناخت منڈگوڈ کے سنجے کوڈیکر(۲۶سال) کی حیثیت سے کی گئی ہے اور بتایا جاتا ہے کہ کوڈیکر کی دادی نے اس کو پہچانا اورلاش اپنے ساتھ لے گئی ہے۔اس کی دادی نے مبینہ طور پر بتایا کہ کوڈیکر ایک عادی شرابی تھا اور ہمیشہ نشے کی حالت میں لوگوں سے جھگڑے مول لیا کرتا تھا۔ اسی وجہ سے اس کی بیوی بھی اسے چھوڑ کر چلی گئی تھی۔ سنکی حالت میں وہ اکثر گھر سے غائب ہوجایا کرتا تھا۔
دوسری لاش کے بارے میں کوئی تفصیل معلوم نہیں ہوئی ہے۔ کدری پولیس انسپکٹر ماروتی نائک اس کیس کی تحقیقات کررہے ہیں۔